پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رہنما و رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے متعلق اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
اپنے بیان میں راجہ ریاض نے کہا کہ اپنے موقف پر کھڑے ہیں، موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
راجہ ریاض نے کہا کہ اپنے ضمیر کے مطابق عدم اعتماد میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی جس کے بعد اجلاس جمعرات تک ملتوی کردیا گیا۔
قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جبکہ اس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی، اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے قرارداد پڑھی۔
تحریک عدم اعتماد پر ارکان کی گنتی کی گئی، مطلوبہ تعداد پوری ہونے پر تحریک کو پیش کرنے کی اجازت دی گئی۔
تحریک پیش کرنے پر ایوان میں اپوزیشن کے ارکان نے ڈیسک بجائی اور نعرے لگائے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 26ویں ترمیم کا بل پیش کرنا مناسب نہیں۔
تحریک پیش ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اجلاس 31 مارچ بروز جمعرات شام چار بجے تک ملتوی کردیا۔
Comments are closed.