جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

موسم خزاں کا تاثر پیش کرتا 800 برس قدیم درخت سوشل میڈیا کی زینت

17 میٹر رقبے پر پھیلے ہوئے جنوبی کوریا کے 8 سو سال قدیم درخت کی ویڈیو آج کل سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے جو موسمِ خزاں کا تاثر پیش کر رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دلفریب نظارہ پیش کرتا ’گنگکو‘ نامی یہ درخت جنوبی کوریا کی تاریخ کا خاص حصہ اور ملک بھر میں عام پایا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں تاج نما سنہرے رنگ میں چمکتا ہوا دکھائی دینے والا یہ درخت جنوبی کوریا کی قومی یادگار ہے جسے دیکھنے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کرتی ہے۔

اس درخت کی تیزی سے گردش کرتی ویڈیو کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے صارفین نے اس کی محسور کن خوبصورتی سے متاثر ہوکر اسے دنیا کا خوبصورت ترین درخت قرار دیا ہے۔

جنوبی کوریا کے مقامی میڈیا کے مطابق قومی یادگار اس درخت سے متعلق 2 مختلف روایات مشہور ہیں۔

ایک روایت کے مطابق 57 قبلِ مسیح سے935 عیسوی تک کوریائی سلطنت سیلا کے دور میں اس درخت کو اگایا گیا تھا۔

قدیم درخت سے جڑی دوسری روایت کے مطابق سیلا کے آخری بادشاہ کے بیٹے ولی عہد شہزادہ ماؤئی نے اس درخت کو اس وقت لگایا تھا جب وہ شمالی کوریا کے علاقے کوہِ کمگانگ جا رہے تھے۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے کوئی تحریری ریکارڈ موجود نہیں ہے، تاہم بعض ماہرین کے مطابق یہ درخت 8 سو نہیں بلکہ 11 سو برس قدیم ہے۔

کورین اخبار کے مطابق گنگکو نسل کے اس درخت کو جوزون دورِ حکومت (1392-1910) میں سرکاری اعزاز بھی مل چکا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.