موسمیاتی تجزیہ کار نے کراچی میں آج رات سے کل رات تک مزید بارش کی پیش گوئی کر دی۔
جیو نیوز سے گفتگو میں موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے کہا کہ ہوا کا کم دباؤ اس وقت ٹھٹھہ اور بدین کے درمیان ہے، کراچی میں آج رات سے کل رات تک مزید بارش ہوسکتی ہے۔
تجزیہ کار کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم کیٹی بندر پر بحرہ عرب سے تقویت حاصل کر رہا ہے، جس کے باعث کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
جواد میمن نے مزید کہا کہ شہر کے چند مقامات پر بہت تیز بارش بھی ہوسکتی ہے، عید کے تینوں دن شہر میں درمیانی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں ہونے والی بارش کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشن حدید ٹاؤن میں77 اعشاریہ7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق اولڈ ایئرپورٹ 44 ملی میٹر، فیصل بیس 33 ملی میٹر اور جناح ٹرمینل پر 31 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یونیورسٹی روڈ 18 اعشاریہ 4 ملی میٹر، قائد آباد 11ملی میٹر اور کیماڑی میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ادھر گلشن معمار میں 2 اعشاریہ1 ملی میٹر، مسرور بیس میں 2 ملی میٹر اور سب سے کم بارش نارتھ کراچی میں 0 اعشاریہ5 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
Comments are closed.