منگل 28؍ربیع الاول 1444ھ25؍اکتوبر 2022ء

موسمیاتی تبدیلی بڑا چیلنج، ٹیکنالوجی سے معیار زندگی بہتر بنا سکتے ہیں، شہبا زشریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی آج کے دور کا بڑا چیلنج ہے، اسی وجہ سے پاکستان کو سیلاب کا سامنا ہے۔

سعودی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ آج کا یہ فورم بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر اور 17 سو سے زائد جاں بحق ہوئے، سیلاب سے سندھ اور بلوچستان متاثر ہوئے، جن کی مدد پر برادر ملکوں کے شکرگزار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے مل کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں بہتر مستقبل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معیار زندگی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ عالمی معیشت سے متعلق چیلنجز اور حل سے متعلق لائحہ عمل ضروری ہے، معیشت کی بہتری کے لیے ای کامرس کا فروغ اور نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کے حوالے سے سعودی حکومت کا وژن لائق تحسین ہے، سماجی اور معاشی ترقی میں خواتین کا بااختیار ہونا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں شمسی توانائی کا منصوبہ متعارف کرایا ہے، فضائی آلودگی کے خاتمہ کے لیے ماحول دوست توانائی ذرائع اپنانا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شمسی توانائی سے 10 ہزار میگاواٹ بجلی کے حصول کے لیے پر امید ہوں، شمسی توانائی منصوبوں میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.