بدھ 9 ذوالحجہ 1444ھ28؍جون 2023ء

موج مستی میں مگن نوجوان پر شارک کا حملہ، ویڈیو وائرل

سیر و تفریح پر جائیں تو تفریحی مقام پر لگائے گئے انتباہ کے نشانات کو ہرگز نظر انداز نہ کریں ورنہ آپ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہو سکتا ہے جیسا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل اس ویڈیو میں ہوا ہے۔

حال ہی میں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک خوفناک لمحے کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا گیا ہے۔

اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند نوجوان ایک کشتی میں سوار ہیں، ان میں سے ایک ہاتھ دھونے کی غرض سے اپنا ہاتھ پانی میں ڈالتا ہے تو پانی میں موجود شارک اس پر حملہ کر دیتی ہے۔

شارک نے پہلے ہاتھ زخمی کیا اور پھر نوجوان کو اپنی جانب کھینچ لیا۔

کشتی میں سوار دیگر نوجوانوں میں سے ایک نے یہ دل دہلا دینے والے مناظر ریکارڈ کیے جبکہ دیگر نے اس نوجوان کی جان بچائی اور اسے فوری ریسکیو کر کے مقامی اسپتال منتقل کر دیا۔

واضح رہے کہ یہ حادثہ امریکا کی ریاست فلوریڈا کے ایورگلیڈس نیشنل پارک میں پیش آیا، جہاں سیاحوں کے لیے جگہ جگہ انتباہی نشانات لگائے گئے ہیں اور انہیں پانی سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔

ویڈیو ریکارڈ کرنے والے مائیکل نامی سوشل میڈیا صارف نے یہ ویڈیو اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی، مائیکل نے ویڈیو کے ہمراہ کیپشن لکھا اور اس دن کو خوفناک قرار دیا۔

مائیکل کے مطابق وہ اپنے چند دوستوں کے ساتھ مچھلیاں پکڑنے ایورگلیڈس نیشنل پارک گیا تھا، جہاں یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اس کے ایک دوست نے مچھلیاں پکڑنے کے بعد اپنا ہاتھ دھونا چاہا اور اسی غرض سے اس نے اپنا ہاتھ پانی میں ڈالا تو ایک بُل شارک نے اس کا ہاتھ کاٹ کر اسے پانی میں کھینچ لیا۔

مائیکل نے مزید لکھا ہے کہ پانی نہ ہی خون تھا اور نہ ہی کوئی ایسی شے جس کی وجہ سے شارک اشتعال میں آئے۔

اس نے دیگر سیاحوں پر زور دیا ہے کہ اسے مذاق نہ سمجھا جائے، تفریحی مقامات پر موجود انتباہ کے نشانات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور پانی سے دور رہیں۔

دوسری جانب پارک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی غیر معمولی واقعہ ہے، ہم سیاحوں کو ہمیشہ پارک کی جنگلی حیات سے محتاط رہنے کا انتباہ دیتے ہیں کہ مگرمچھوں، زہریلے سانپوں اور اس علاقے میں عام پائے جانے والے دوسرے جانوروں سے ہوشیار رہیں۔

یونیورسٹی آف فلوریڈا کی انٹرنیشنل شارک اٹیک فائل کے مطابق گزشتہ سال دنیا بھر میں 57 بلا اشتعال شارک کے حملے کے واقعات پیش آئے جس کے نتیجے میں 5 افراد کی موت واقع ہوئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.