منگل 18؍جمادی الاول 1444ھ 13؍دسمبر 2022ء

موجودہ وقت میں میثاقِ پاکستان کی ضرورت ہے: حافظ طاہر اشرفی

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ موجودہ وقت میں میثاقِ پاکستان کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کا 3 روزہ دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل نے کشمیر کا دورہ بھی کیا، وزیرِ اعظم پاکستان، آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور وزیرِ اعظم سے بھی ملاقاتیں کیں۔

حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ کشمیر کی صورتِ حال کو دیکھا اور یقین دلایا کہ او آئی سی اپنا کردار ادا کرے گی، او آئی سی مسئلہ کشمیر میں سفارتی سطح پر اپنا کردار ادا کرے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ کشمیر اور فلسطین امتِ مسلمہ کے ایسے مسئلے ہیں جن سے خون رس رہا ہے، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان کی کامیابی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے نمائندہ خصوصی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مسائل پر مل کر بیٹھنے کی ضرورت ہے، معیشت، معاشرت اور اقتصادی صورتِ حال تب بہتر ہو گی جب ہم مل کر آگے چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کے ساتھ تعاون کریں گے، وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے تحت تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ عمران خان باجوہ صاحب سے متعلق گفتگو کر رہے ہیں، اگر جنرل باجوہ عمران خان کے اقتدار کے لیے معاون ہوں تو اچھے، ورنہ برے ہیں۔

طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، پاکستان اور اداروں کے خلاف جو بیرونی کمپین ہے اس کا ہم سب نے مل کر مقابلہ کرنا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں جب تک سیاسی استحکام نہیں ہو گا مسائل حل نہیں ہوں گے، انتخابات کب ہوں گے، یہ سیاسی جماعتوں نے مل بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.