لاہور کی بینکنگ جرائم کورٹ نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی بعداز گرفتاری درخواست ضمانت منظور کر لی۔
بینکنگ جرائم کورٹ کے جج اسلم گوندل نے فیصلہ سنایا۔
عدالت نے پرویز الہٰی کو 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔
بینکنگ جرائم کورٹ نے کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عدم تعاون کا رویہ اپنایا، ایف آئی اے نے عدالتی حکم کے باوجود ریکارڈ پیش نہیں کیا۔
واضح رہے کہ 20 جون کو اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی تھی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 20 جون کو ہی پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا نیا مقدمہ درج کیا تھا۔
ایف آئی اے کی جانب سے مقدمے میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ یکم جون کو چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور میں ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا، انہیں اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر پرویز الہٰی کے خلاف اینٹی کرپشن میں سرکاری ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے الزام پر مقدمہ درج ہے، ان کے خلاف لاہور کے تھانے میں کار سرکار میں مداخلت اور پولیس پر تشدد کا مقدمہ بھی درج ہے۔
Comments are closed.