لاہور کی سیشن عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے مشیر محمد خان بھٹی کی ضمانت پر رہائی کی درخواست منظور کر لی۔
ایڈیشنل سیشن جج چوہدری غلام رسول نے ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے ملزم کو 5 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا بھی حکم دیا۔
صدر لاہور بار ایسوسی ایشن رانا انتظار ایڈووکیٹ نے ملزم کی رہائی کے لیے دلائل دیے۔
پراسیکیوشن نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی۔
رانا انتظار ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے ملزم کو بلاجواز مقدمات میں ملوث کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کا اسی نوعیت کا ایک مقدمہ ہائی کورٹ خارج کر چکی ہے، ایف آئی اے کو سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
وکیل نے استدعا کی کہ منی لانڈرنگ الزامات میں ضمانت پر رہا کیا جائے۔
Comments are closed.