اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے منظور پشتین کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
منظور پشتین کو اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
وکیلِ صفائی نے عدالت میں کہا کہ جلسہ کرنا ہمارا حق ہے، بلوچستان میں منظور پشتین کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔
واضح رہے کہ 4 دسمبر کو چمن میں پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پولیس، لیویز اور ایف سی باب چمن کے قریب معمول کی چیکنگ کر رہے تھے، منظور پشتین کے ساتھ مسلح افراد نے گاڑی روکنے کے بجائے اہلکاروں پر چڑھائی اور فائرنگ کی۔
ڈی سی کے مطابق اہلکاروں نے جوابی کارروائی میں منظور پشتین کی گاڑی کے ٹائر پر فائرنگ کی، منظور پشتین اور ان کے ہمراہ مسلح افراد گاڑیاں بھگا کر فرار ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے بعد ایک گودام سے منظور پشتین کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ منظور پشتین کے خلاف درج کر لیا گیا تھا۔
Comments are closed.