بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

منرو، اعظم، اسٹرلنگ کوئٹہ کیلئے قہر بن گئے، جیت کیلئے 230 کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے 10ویں میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو، اعظم خان اور پال اسٹرلنگ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے اور اسے جیت کے لیے 230 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

یونائیٹڈ کے بیٹرز نے اننگز کے آغاز سے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی درگت بنانا شروع کردی۔ 

پہلے ایلکس ہیلز اور پال اسٹرلنگ اور پھر اس کے بعد کولن منرو اور اعظم خان نے رنز کے انبار لگائے۔ 

کولن منرو نے 72، اعظم خان 65، پال اسٹرلنگ 58 اور ایلکس ہیلز نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز 2 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے جبکہ شاہد آفریدی اور جیمز فولکنر نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کولن منرو کو شامل کیا گیا ہے جبکہ شاداب خان کی قیادت میں میدان میں اترنے والی اس ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس ہیلز، پال اسٹرلنگ، آصف علی، اعظم خان، مبشر خان، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی اور وقاص مقصود شامل ہیں۔ 

اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں واپسی ہوئی ہے جبکہ جیمز وینس اور عبدالبنگلزئی بھی گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہیں۔ 

سرفراز احمد کی کپتانی میں اترنے والی اس ٹیم میں احسن علی، بین ڈکیٹ، افتخار احمد، محمد نواز، جیمز فاکنر، سہیل تنویر اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.