سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی جانب سے تھپڑ مارنے کے معاملے پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے اور آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں ٹرائل کورٹ کے احکامات کے خلاف قادر مندوخیل کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالتِ عالیہ نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کر لی، فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے اور آئندہ سماعت پر ان سے جواب طلب کر لیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ 9 جون کو فردوس عاشق اعوان نے نجی ٹی وی کے پروگرام قادر مندوخیل کو تھپڑ مارا تھا، ماتحت عدالت نے فردوس عاشق اعوان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کا درخواست مسترد کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے، انہیں درخواست کی دوبارہ سماعت کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں ایس ایچ او تھانہ سعید آباد، ایس ایس پی کمپلین سیل، فردوس عاشق اعوان و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
Comments are closed.