وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کل ملیر میں جو واقعہ پیش آیا وہ قابلِ مذمت ہے، غلط ہوا، ظلم ہوا، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یہ یقینی بنایا کہ لواحقین جیسی چاہتے ہیں ویسی ایف آئی آر کٹے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ایف آئی آر میں ایم پی اے کا نام شامل ہے، لواحقین کو انصاف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے، ہمارا ایم پی اے بھی ملوث ہے تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہو گی، قانون کا دہرا معیار نہیں ہو سکتا، قانون کے مطابق جس کی گرفتاری ہونی ہے وہ ہو گی۔
سعید غنی نے کہا کہ اربوں روپے کے ڈاکے ڈالنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی، یہ پی پی کی حکومت کو ٹارگٹ کر کے اپنی نا اہلی چھپانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ لوگوں نے مہنگائی کے خلاف مظاہروں میں بھرپور شرکت کی ہے، شہری مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نےکہا ہے کہ پیٹرول مزید مہنگا کرنا پڑے گا، وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ گیس کا بحران آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں میں گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جبکہ کچھ شہروں میں چینی 150 روپے کلو مل رہی ہے۔
سندھ کے وزیرِ اطلاعات سعید غنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ خزانہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے معاہدوں کے مطابق بجلی کے نرخ بڑھے ہیں۔
Comments are closed.