بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ملک کے لئے سنچری بنانا کامیاب ہونے کا احساس دلاتا ہے، فواد عالم

جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے بیٹسمین فواد عالم نے ان پر بھروسہ کرنے اور دعائیں کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد عالم نے پیغام میں لکھا کہ ﷲ تعالیٰ کی مہربانی سے پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف میچ جیتا۔ اپنے ملک کے لئے سنچری بنانا اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملنا مجھے کامیاب اور مکمل ہونے کا احساس دلاتا ہے۔

فواد عالم نے ایوارڈ کے ہمراہ اپنی تصویر بھی اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کی۔ جس کے بعد ان کے مداح بھی ان کی خوشی میں شریک ہوگئے اور کمنٹس کے ذریعے سیکڑوں لوگوں نے فواد عالم کو مبارک باد دی اور انکی تعریف کی۔

واضح رہے کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 7 وکٹ سے ہرایا۔ میچ کی پہلی اننگز میں فواد عالم نے شاندار 109 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 4 فروری سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.