پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ صرف ایک مقصد کے لیے نکلا ہوں کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور، ملک کے اداروں کے خلاف جنگ لڑنے نہیں نکلا۔
اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت والوں، آصف زرداری، فضل الرحمان سن لو، ہمارا جینا مرنا پاکستان میں ہے، نواز شریف کے بیٹے کہتے ہیں ہم پاکستان کے شہری نہیں، آصف زرداری نےصدر ہوتے ہوئے امریکا کو کہا مجھے بچالو۔
عمران خان نے کہا کہ میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، کبھی میرے ذہن میں یہ خیال نہیں آیا کہ میں پاکستان کے علاوہ کہیں او رہنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے میر جعفر اور میر صادق نے سازش کر کے الیکٹڈ حکومت کو ہٹایا، شریف خاندان کا سارا پیسہ باہر پڑا ہوا ہے، جیسے ہی ان کی حکومت ختم ہوتی ہے نواز شریف ملک سے باہر چلے جاتے ہیں، آصف زرداری بھی بہت عرصے باہر رہے ہیں، ان کی جائیدادیں بھی باہر ہیں، ملک نیچے جاتا ہے تو انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف کے بیٹے باہر ہیں، انہوں نے برطانیہ کا پاسپورٹ لیا ہوا ہے، اور کہتے ہیں کہ ہم پاکستانی شہری نہیں ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جب بھارت گئے تو انہوں نے کشمیر کے مسئلے پر بات اس لیے نہیں کی کہ کہیں مودی ناراض نہ ہوجائے۔
عمران خان نے کہا کہ اگر اس دن دھرنا دے دیتا تو ملک میں انتشار ہوتا جس کا ان کو فائدہ ہوتا، پولیس چھاپے نہ مارتی، شیلنگ نہ کرتی تو عوام کا سمندر اسی طرح آنا تھا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ قوم کا اداروں کو پیغام ہے، ابھی بھی وقت ہے ان چوروں سےملک کو بچالو۔
Comments are closed.