نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ 45 سال قبل آج کے دن جنرل ضیاء نے پاکستان کی پہلی جمہوری حکومت اور آئین پر شب خون مارا تھا۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے 5 جولائی کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو،کارکنان اور تمام جمہوریت پسند عوام نے آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو،کارکنان اور تمام جمہوریت پسند عوام کو سلام پیش کرتی ہوں۔
شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ ضیاء الحق نے 11 سال آئین پاکستان معطل کر کے ملک میں مارشل لاء نافذ کیا، آمریت کے ان 11 سالوں کو ہماری تاریخ کے سیاہ ترین دور کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
پی پی سینیٹر کا کہنا تھا کہ تقسیم،نفرت اور انتہا پسندی کی بنیادیں رکھیں گئیں جن سے پاکستان آج تک نہیں نکل سکا، 45 سال پہلے کے اس آئینی اور جمہوری سانحہ کے اثرات ہمارا آج تک پیچھا کر رہے ہیں۔
شیری رحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ شہید بھٹو کی آئینی حکومت پر شب خون نا مارا جاتا تو آج پاکستان کا دنیا میں الگ مقام ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کا غیر آئینی طور پر خاتمہ نہ ہوتا تو آج عوام کی تقدیر بدل چکی ہوتی، ہمیں نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام آئین اور جمہوریت میں ہے۔
Comments are closed.