ہفتہ 24؍رمضان المبارک 1444ھ 15؍اپریل 2023ء

ملک کی معیشت میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے، خرم رضا

مسلم لیگ یورپ کے چیف آرگنائزر خرم رضا کاظمی کا کہنا ہے کہ وطن عزیز کی معیشت میں روز بروز اوورسیز پاکستانیوں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز پارلیمنٹ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وطن عزیز میں اعلیٰ تعلیم کے ساتھ فنی تعلیم کے سلسلہ میں بھی اقدامات کرتے ہوئے ٹیکنیکل ادارے قائم کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان اداروں میں فنی تعلیم کے ساتھ فرانسیسی اور جرمن سمیت دیگر زبانوں کے کورس کرائے جائیں تاکہ حصول معاش کیلئے بیرون ملک جانے والے نوجوانوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

خرم رضا کاظمی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں، ہمیں بھی ان بدلتے حالات کے پیش نظر قوم کی تربیت کا بیڑہ اٹھاتے ہوئے ملک بھر میں فنی تعلیم کو لازمی قرار دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ ہنر سکھایا جائے، عرب، یورپ سمیت دیگر ممالک میں پاکستانی ہنرمندوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے نوجوان جو بغیر کسی تعلیم و ہنر کے باہر کا رخ کرتے ہیں، بےیار و مددگار موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اور ہمارے یہاں ایسے بیشتر واقعات بھی رونما ہوچکے ہیں۔

خرم رضا کاظمی نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ان پڑھ اور بغیر کسی ہنر کے آنے والے افراد کی کوئی زندگی نہیں، اس لیے خدارا پہلے خود کو اس قابل بنائیں تاکہ بیرون ملک جا کر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور آپ کی مانگ بھی بڑھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.