جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

ملک کو آگے لیجانے اور بحران سے نکالنے کیلئے الیکشن ضروری ہیں، سعید غنی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کراچی ڈویژن کے صدر اور سابق صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ ملک کو آگے لے کر جانے اور بحران سے نکالنا ہے تو الیکشن ضروری ہیں۔ ہر جماعت کو انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملنا چاہیے۔ 

سعید غنی نے کراچی میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 105 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث پی ٹی آئی کے لوگوں کو سزا ملنی چاہیے، پیپلز پارٹی بھر پور طریقے سے الیکشن مہم چلا رہی ہے۔ 

سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی الیکشن سے فرار کی کوشش نہیں کی، ہر جماعت کو انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملنا چاہیے۔ کوشس ہے مضبوط ترین امیدوار میدان میں اتاریں۔ 

انہوں نے کہا کہ الیکشن نہ ہوں کچھ لوگوں کی خواہش ضرور ہوسکتی ہے۔ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کےلیے انتخابات ہونا ضروری ہے۔ پیپلز پارٹی ایک لمحے بھی الیکشن سے نہیں بھاگی۔ 

سعید غنی نے کہا کہ 2018 میں عرفان اللّٰہ مروت کو بدترین شکست ہوئی۔ ایسے امیدوار جو الیکشن میں نظر آتے ہیں ان کو لوگ پسند نہیں کرتے۔  عرفان اللّٰہ مروت حلقے میں نسلی تعصب پھیلا رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ بشمول پی ٹی آئی لیول پلیئنگ کی سب بات کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کراچی میں اپنی جگہ بنا رہی ہے۔ بات نئے، پرانے کی نہیں، پارٹی کی نظر میں جو بہترین امیدوار ہوگا اسے موقع ملے گا۔ 

سعید غنی نے کہا لوگ با شعور ہیں کسی سازشی عمل میں نہیں آئیں گے۔ کچھ لوگوں کی خواہش ہے الیکشن نہ ہو یا تاخیر کا شکار ہو جائیں۔ ملک کو سیاسی و معاشی بحران سے نکالنے کےلیے انتخابات ضروری ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 9 مئی واقعات میں ملوث لوگوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی لیاری سے 13 میں سے 12 سیٹیں جیتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.