منگل 15؍رجب المرجب 1444ھ7؍فروری2023ء

ملک میں 20 دن سے زیادہ کا پیٹرول موجود ہے، مصدق ملک

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملک میں 20 دن سے زائد کا پیٹرول موجود ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپ مالکان نے پیٹرول پمپس بند کردیے، جس پر وفاقی وزیر مملکت نے ردعمل دیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ لوگ پیٹرول کی ذخیرہ اندوزی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، 15 فروری سے پہلے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی امکان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاننا چاہوں گا کہ پیٹرول پمپس پر مسائل کہاں آرہے ہیں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے آج صبح میٹنگ ہوئی۔

وفاقی وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ملک میں 20 روز کا پیٹرول اور 25 دن کا ڈیزل موجود ہے، کہیں پیٹرول پمپ والے محدود تیل فراہم کر رہے ہیں تو نشاندہی ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ابھی کے مذاکرات کا پیٹرول کی قیمت سے تعلق نہیں، ملک میں پٹرول کی کوئی کمی نہیں۔

مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ مرتبہ ایک دن پہلے پیٹرول کی قیمت کا اعلان اس لیے کیا کہ شارٹیج نہ ہو، اگر کوئی پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندازی کرے گا تو کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی 10، 15 لاکھ کے منافع کےلیے اپنا لائسنس اور کاروبار بند کرنے کے لیے تیار ہے تو ٹھیک ہے ہم بھی ان کا کاروبار بند کرنے کے لیے تیار ہیں۔

وفاقی وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں 8، 10 دن میں کوئی اضافہ نہیں ہو رہا۔

دوسری طرف فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا میں بیشتر پیٹرول پمس بند ہوگئے، چند کھلے پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں موجود ہیں، شہری خوار ہوگئے۔

شکر گڑھ، خوشاب، گوجرہ، منڈی بہاوالدین میں بھی چند پیٹرول پمپس کھلے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کھلے پیٹرول پمپس موٹر سائیکل والوں کو 200 اور گاڑیوں کو 500 روپے کا پیٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔

پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کی طرف سے پیٹرلیم مصنوعات کی ترسیل کم ہو رہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.