پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹر نوشین کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے رپورٹ کیسز میں 50 فیصد ڈیلٹا ویرئینٹ کے ہیں۔
ڈاکٹر نوشین حامد نے جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران کہا ہے کہ دنیا میں کوئی بھی ویکسین سو فیصد ڈیلٹا ویرئینٹ کے لیے ایفیکٹیو نہیں ہے، ویکسین لگنے کے بعد اگر کورونا وائرس ہوجائے تو وہ زیادہ متاثر نہیں کرتا۔
ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ پاکستان میں جو ویکسین لگائی جارہی ہیں وہ ڈیلٹا ویرئینٹ کے لیے ایفیکٹیو ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 14 اعشاریہ 6 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے، ملک میں کورونا کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ جاری ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 590 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 21 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 732 کورونا مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 9 اعشاریہ 63 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 618 ہو گئی جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 76 ہزار 867 ہو چکی ہے۔
Comments are closed.