ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 45 اعشاریہ 28 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس ہفتے مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 83 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 7 اشیاء ضروریہ سستی ہوئیں جبکہ 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں ٹماٹر 47 روپے 42 پیسے، پیاز 35 روپے 6 پیسے، آلو 3 روپے 88 پیسے اور انڈے 7 روپے 35 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق پیاز کی قیمت اضافے کے بعد 112 روپے 16 پیسے فی کلو ہوگئی ہےجبکہ ایک ہفتے میں لہسن 7 روپے 43 پیسے، دال ماش 4 روپے 10 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق برائلر مرغی 2 روپے 48 پیسے فی کلو جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 7 روپے 10 پیسے مہنگا ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق اس ہفتے کے دوران دال چنا، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر، چاول، بیف اور مٹن بھی مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران 7 اشیاء ضروریہ سستی ہوئیں، جن میں دال مسور، خوردنی گھی، کیلے اور چینی شامل ہیں۔
Comments are closed.