وزیرِ مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ ملک میں فارن کرنسی اکاؤنٹس منجمد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیرِ مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ فارن کرنسی اکاونٹس منجمد کرنے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ کے اعداد و شمار شیئر کیے ہیں، آئی ایم ایف کے اسٹیٹ بینک کے ساتھ بھی مذاکرات ہو رہے ہیں۔
وزیرِ مملکت نے بتایا کہ آئی ایم ایف کو کہا ہے کہ وہ جلد نواں جائزہ مکمل کرے، نویں جائزے کی تکمیل کے لیے وقت انتہائی کم ہے اور ہمارے لیے پریشانی بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف نے ہمیں یقین دہانی کرائی تھی کہ نواں جائزہ جلد مکمل کر لیں گے ہمارے تمام دوست ممالک نے آئی ایم ایف کو فنڈز کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
عائشہ غوث پاشا کا مزید کہنا ہے کہ بجٹ میں جتنی بھی ٹیکس چھوٹ دی ہے آئی ایم ایف کو اس پر اعتراض نہیں ہو گا، معیشت آگے بڑھانے کے لیے ہمیں ٹیکس چھوٹ دینا پڑی ہے۔
وزیرِ مملکت برائے خزانہ نے یہ بھی کہا ہے کہ پیداوار بڑھانے اور نوکریاں پیدا کرنے کے لیے ٹیکس اقدامات کرنا ہوتے ہیں۔
Comments are closed.