ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث آج سے کاروباری مراکز مکمل بند کردیے گئے ، اب عید کی چھٹیوں کے بعد ہی کھلیں گے، جس نے عید کی شاپنگ کرنی تھی کرلی جو رہ گیا سو رہ گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں آج سے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر کے تمام کاروباری سرگرمیاں بند کر دی گئیں ہیں جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق آج سے عید تک تمام کاروباری مراکز، مارکیٹس اور شاپنگ سینٹرز بند رہیں گے۔
خیال رہے این سی او سی اور سندھ حکومت کی جانب سے عید کی شاپنگ کےلئے دی گئی مہلت کا کل آخری روز تھا جس کے باعث بازاروں میں خریداروں کا معمول سے زیادہ رش دیکھا گیا جبکہ جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق اب تجارتی مراکزعید کی چھٹیوں کے بعد ہی کھلیں گے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روزکراچی کے تاجروں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو سے عید تک کاروبار کرنے کے لئے درخواست کی تھی، چیئرمین کراچی سندھ تاجر اتحاد شیخ حبیب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سے امید ہے کہ وہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی طرح غریب عوام کی حق کی بات کرینگے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس وقت چھوٹے تاجر بدترین حالات سے گزررہے ہیں، تاجر اس انتظار میں ہیں کہ انہیں عید تک کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے، سندھ میں کورونا کیسز کم ہیں عید کے بعد 5 دن کا لاک ڈاؤن لگایا جائے تو کوئی حرج نہیں ہے۔
چیئرمین کراچی سندھ تاجر اتحاد نے مزید کہاکہ ہم حکومت سے ہر طرح کا تعاون کرنے کو تیار ہیں، حکومت تاجروں کی آواز بنیں اور کاروبار کھولنے دیں۔
دوسری جانب سندھ میں شاپنگ کے لیے دی گئی مہلت بھی ختم ہوگئی، آج سے مکمل لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ گزشتہ روز مہلت کا آخری دن تھا جس کی وجہ سے بازاروں میں خریداروں کا رش رہا۔
ادھر لاہور میں ہفتے کو بھی چھوٹی بڑی تمام مارکیٹیں بند رہیں اورسڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم رہا جبکہ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت کے باعث پردیسیوں کی اپنے شہروں کو روانگی کے لیے بس اڈوں پر رش لگا رہا۔
واضح رہے ملک بھر کے مختلف شہروں ، علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ پاک فوج اور پولیس اہلکار بھی حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کروانے کے لئے اپنے فرائض سرانجام دینے میں مصروف ہیں جبکہ کئی علاقوں میں ناکے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
Comments are closed.