مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملک معاشی بدحالی کا شکار ہوچکا ہے، معاشی بدحالی اچانک نہیں بلکہ گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کانتیجہ ہے۔
ن لیگی رہنما مفتاح اسماعیل اور محمد زبیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں چینی اور آٹا اسکینڈل کا عالمی مہنگائی سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی پہلے سستے دام پر برآمد کرکے پھر دوبارہ وہی مہنگے ریٹ پر درآمد کرلیں تو مہنگی ہوگی، گھر کا خرچہ زیادہ اور آمدن کم ہو تو گھر دیوالیہ ہوجاتا ہے، ماضی میں ملک کی آمدن کم اور خرچے بڑھے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ سابق دور میں عوام کے مسائل حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، وزیر اعظم کہتے تھے کیا میں آٹا اور چینی کی قیمت گھٹانے آیا تھا، دراصل عمران خان یہ قیمتیں بڑھانے آئے تھے۔
مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کی ان سب مالی بدانتظامیوں کا بوجھ عام آدمی نے اٹھایا۔
Comments are closed.