کراچی: شہر قائد سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے جاری ہے یہ عمل تاخیر کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق 41 کنٹونمنٹ بورڈز کے 206 وارڈز میں 1 ہزار 560 امیدوار میدان میں ہیں، جس میں سے سیاسی جماعتوں کے 876 امیدوار اور آزاد حیثیت میں 684 امیدوار الیکشن لڑرہے ہیں۔
لیکشن کمیشن کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈز میں 21 لاکھ 97 ہزار 741 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 54 ہزار 551 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 43 ہزار 190 ہے۔
ملک بھر میں 219 وارڈز کے لیے 16 سو 44 پولنگ اسٹیشنز اور 5 ہزار 80 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جبکہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، باقی پولنگ اسٹیشنز کے باہر پولیس اور رینجرز پولنگ اسٹیشن کی حدود سے باہر موجود ہوں گے۔
انتخابات میں حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے سب سے زيادہ 183 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے 144 اور پاکستان پیپلز پارٹی کے 113 امیدوار مقابلے میں شامل ہیں، جماعت اسلامی کے بھی 104 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔
واضح رہے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں اب تک 7 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جبکہ کامرہ کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخاب نہیں ہو رہا اور راولپنڈی اور پنوں عاقل کے 1، 1 وارڈ میں بھی انتخاب کا عمل ملتوی ہوچکا ہے۔
Comments are closed.