ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر میں ہیلتھ کئیر ورکرز بھی متاثر ہوئے ہیں جس کی رپورٹ این سی او سی نے جاری کردی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی رپورٹ کے مطابق یکم مارچ سے اب تک کورونا وائرس سے 1079 ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس اسٹاف متاثر ہوا۔
این سی او سی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کا شکار ہیلتھ کیئر ورکرز کی مجموعی تعداد 15 ہزار521 ہے جبکہ پاکستان میں اب تک مجموعی طور پر 150 ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال یکم مارچ سے اب تک پاکستان میں 12 ہیلتھ کیئر ورکرز اور 7 ڈاکٹرز کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
این سی او سی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یکم مارچ سے اب تک ایک نرس اور 4 پیرامیڈیکس انتقال کرچکے ہیں جس کے بعد کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر پاکستان میں 94 ڈاکٹرز جاں بحق ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 4 نرسز،51 پیرامیڈکس اسٹاف اورایک میڈیکل طالبعلم جاں بحق ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 23 ہیلتھ کئیر ورکرز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور اس وقت ملک میں 628 ہیلتھ کیئر ورکرز میں کورونا وائرس کا شکار ہیں۔
این سی او سی کے مطابق کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے ہیلتھ کیئر ورکرز کی تعداد 14 ہزار 743 ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ہیلتھ کیئر ورکرز سب سے زیادہ سندھ میں متاثر ہوئے، سندھ میں متاثر ہیلتھ کیئرورکرز کی تعداد 5 ہزار 574 پہنچ گئی ہے۔
Comments are closed.