اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 79 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار 149 ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید نئے 4 ہزار 213 کیسز سامنے آئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 213 کیسز سامنے آئے ہیں اور مزید 79 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 5 ہزار842 مریض شفایاب ہو گئے، تاہم مثبت کیسز آنے کی شرح اضافے کے ساتھ 9 فیصدہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 45 ہزار 954 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد اب تک کُل 1 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 90 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 34 ہزار 146 ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 87 ہزار 953 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 377 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 7 لاکھ 28 ہزار 44 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہوکر 3 لاکھ 6 ہزار 929 ہو گئی ہے وہاں ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 8 ہزار 872 ہو چکی ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 85 ہزار 626 ہو چکی ہے اور اس مرض سے کُل اموات 4 ہزار 667 ہوگئیں جبکہ خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 20 ہزار 64 ہو چکی ہے، اس سے اب تک کُل اموات 3 ہزار 392 ہو گئیں۔
این سی ا سی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 76 ہزار 209 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، یہاں کُل 691 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 22 ہزار 620 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 237 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 17 ہزار 371 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے باعث اب تک یہاں کُل 483 مریض وفات پا چکے ہیں۔
واضح رہے کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے۔
Comments are closed.