جمعرات 10؍ذوالحجہ 1444ھ29؍جون 2023ء

ملک بھر میں نماز عید، سنت ابراہیمی کی پیروی کا عمل جاری

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، ملک کے بڑے چھوٹےبڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہاہے، سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔

نماز عید میں ملک کی ترقی و خوشحالی اور امن و استحکام کے لئے دعائیں کی گئیں، نمازعید کے بعد لوگ سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دے رہے ہیں۔

کراچی میں گرومندر پر واقع سبیل والی مسجد پر نماز عیدالاضحی ادا کردی گئی، مولانا طیب کشمیری نے عیدالاضحی کی نماز پڑھائی، نماز عید کے موقع پر سیکیورٹی پر پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

گورنر سندھ، کنونیئر ایم کیوایم، میئر کراچی اور دیگر نے پولو گراؤنڈ میں نماز عید ادا کی،  ڈپٹی مئیر، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنما بھی شریک ہوئے۔

نماز عید میں غیرملکی سفارتی شخصیات بھی شامل تھے۔ نماز عید کی امامت مولانا محمد احمد سلیمی نے کی۔

پولو گراؤنڈ کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔

عیدالاضحٰی کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عیدگاہ شریف میں منعقد ہوا۔

 لاہور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق منصورہ میں نماز عید کا خطبہ دے رہے ہیں، مینار پاکستان گراؤنڈ میں نماز عید ادا کی جا رہی ہے، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نمازکی امامت کر رہے ہیں۔

علامہ راغب نعیمی نے جامعہ نعیمیہ میں نماز عید کی امامت کروائی اور اب وہاں  اجتماعی قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے، جامعہ نعیمیہ میں 3 روز میں 300 سے زائد جانور قربان کئے جائیں گے۔

اسلام آباد میں فیصل مسجد میں عید الاضحی کی نماز ادا کر دی گئی، نماز عید الاضحی میں وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ، سفارتکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔

نماز عیدالاضحٰی کے بعد ملکی سلامتی اورخوشحالی کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں، نماز عیدالاضحی پر فیصل مسجد کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلیے ٹریفک پولیس اہلکار بھی تعینات تھے۔

کوئٹہ میں مرکزی جامع مسجد پی اے ایف ایئربیس سمنگلی میں نماز عید کا اجتماع ہوا، قائم مقام صدر صادق سنجرانی نماز عید ادا کی۔

پشاور میں پشاور عیدگاہ چارسدہ روڈ پرنماز عید ادا کردی گئی، عید کی نماز کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کا عمل جاری ہے، گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے گورنر ہاؤس میں نماز ادا کی جبکہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ایبٹ آباد میں نماز عید ادا کی۔

راولپنڈی کی کم و پیش 500 مقامات پر عیدالاضحٰی کی نماز ادا کی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.