کراچی، لاہور، پشاور، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں لوگ عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بھی سنت ابراہیمی کے سلسلے میں قربانی کی ادائیگی کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عیدالاضحیٰ انتہائی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، کہیں تگڑے بیل گرائے جا رہے ہیں تو کہیں بپھرے اونٹوں کی قربانی کی جا رہی ہے۔
عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز آج نمازِ فجر کے بعد سے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، کہیں گائے بیل اور بکروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے تو کہیں اونٹوں کی قربانی دی جارہی ہے۔
ہر سال کی طرح پہلے دن بات نہ سننے والے اور منہ مانگا معاوضہ مانگنےوالے قصائیوں کے مزاج بھی آج نیچےآ گئے ہیں اور عید کے پہلے روز منہ مانگی رقم کا تقاضہ کرنے والے قصائیوں نے بھی اپنے ریٹس کم کردیے ہیں۔
دوسری جانب ملک بھر میں ملاقاتوں اور پارٹیوں کا سلسلہ جاری ہے، عید کے دوسرے روز بھی پرتکلف ضیافتوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہےجبکہ جو کل مہمان تھے آج میزبانی کے فرائض سنبھالیں گے، جنہوں نے میزبانی کی تھی وہ دعوتوں پر جانے کی تیاری میں ہیں۔
خیال رہے گزشتہ روز حکومتی ہدایات کے پیش نظر نمازعیدسماجی فاصلوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ادا کی گئی اور نمازیوں کی جانب سے منہ پر ماسک پہننے کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ علمائے کرام، مشائخ عظام اورمفتیان کرام نماز کی ادائیگی کے بعد اسلام کی حقیقی سربلندی،کورونا سے نجات، امت مسلمہ کی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے خصوصی دعائیں کرائیں۔
واضح رہے پہلے دن کی قربانی کے بعد ملک کے متعدد بڑے شہروں میں بعض مقامات پر اب تک جانوروں کی آلائشیں نہ اٹھائی جاسکی ہیں جس سے تعفن میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے بارش کے امکان کا بھی اعلامیہ جاری کیا تھا۔
Comments are closed.