بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ملک بھر میں شہری مہنگی چینی خریدنے پر مجبور

ملک میں چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، فی کلو چینی کی ریٹیل قیمت 89 روپے 50 پیسے ہے لیکن شہری 115 روپے فی کلو خریدنے پر مجبور ہیں۔

حکومتی عہدے داروں کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت میں کمی لائیں گے، ریٹیل قیمت مقرر کر کے اس پر فروخت یقینی بنائیں گے، تاہم یہ سب ہی بیانات بس بیانات کی حد تک محدود رہے۔

چینی کی ریٹیل قیمت 89 روپے 50 پیسے مقرر تو کر دی گئی لیکن کراچی کے شہری 50 روپے 50 پیسے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، بہاولپور، حیدر  آباد اور کوئٹہ کے شہری 20 روپے 50 پیسے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔

ملتان، فیصل آباد کے شہری 18 روپے 50 پیسے، گوجرانولہ کے شہری 17 روپے 50 پیسے، سکھر، پشاور، خضدار کے رہائشی 16 روپے 50 پیسے جبکہ سرگودھا، لاڑکانہ اور بنوں کے شہری سرکاری ریٹیل قیمت کے مقابلے میں 15 روپے 50 پیسے فی کلو تک مہنگی چینی خرید رہے ہیں۔

ادارۂ شماریات کے مطابق ملک میں فی کلو چینی 105 سے 115 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، کراچی میں فی کلو  115 روپے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، بہاولپور، حیدر آباد اور کوئٹہ میں 110 روپے فی کلو چینی کی فروخت جاری ہے۔

ملتان اور فیصل آباد میں 108 روپے، گوجرانوالہ میں 107 روپے، سکھر، پشاور، خضدار میں 106 روپے، سرگودھا، لاڑکانہ اور بنوں میں چینی کی فی کلو قیمت 105 روپے تک ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے 30 جولائی کو چینی کی ریٹیل قیمت 89 روپے 50 پیسے فی کلو مقرر کی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.