ڈچز آف سسیکس، میگھن مارکل کے شادی پر سفید رنگ کا لباس پہننے پر ملکہ الزبتھ کو تحفظات تھے۔
شاہی مبصر کیٹی نکول نے اپنی کتاب ’دی نیو رائلز‘ میں انکشاف کیا ہے کہ ملکہ الزبتھ سو فیصد اس حق میں نہیں تھیں کہ میگھن مارکل شادی کے موقع پر سفید رنگ کا گاؤن پہنیں۔
اُنہوں نے لکھا کہ’ہیری اور میگھن کی شادی کا دن بہت زبردست تھا لیکن ملکہ الزبتھ کو میگھن مارکل کےکلیئر ویٹ کیلر کا ڈیزائن کیا ہوا سفید رنگ کا گاؤن پہننے پر تحفظات تھے‘۔
رپورٹ کے مطابق، میگھن مارکل کو شادی کے دن سفید رنگ کا گاؤن پہنے دیکھ کر ملکہ حیران رہ گئی تھیں، ویسے تو شادی کے موقع پر سفید رنگ کا گاؤن پہننا ایک عام سی بات ہے لیکن ملکہ کا خیال تھا کہ اگر دلہن طلاق یافتہ ہے تو اسے اپنی شادی کے دن آف وائٹ رنگ کا گاؤن پہننا چاہیئے جیسے کہ کوئین کنسورٹ کیملا نے شاہ چارلس سے شادی کے موقع پر پہنا تھا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سفید رنگ کے عروسی لباس کو مسیحی برادری میں روایتی طور پر شادی کے دن عورت کے’کنواری‘ ہونے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
رپورٹ میں مزید لکھا گیا کہ چونکہ شہزادہ ہیری سے شادی سے قبل میگھن مارکل طلاق یافتہ تھیں، اس لیے اُنہیں آف وائٹ رنگ کا گاؤن پہننا چاہیئے تھا۔
اس کے علاوہ، میگھن مارکل کی شہزادہ ہیری سے دوسری شادی کے وقت شاہی محل میں اس بات پر بھی بحث ہوئی کہ اُنہیں شادی کے دن ’گھنگھٹ‘ اُوڑھنا چاہیئے یا نہیں۔
اس حوالے سے شہزادہ ہیری نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ ایک عورت کا اپنی دوسری شادی کے موقع پر’گھنگھٹ‘ اُوڑھنا سمجھ سے باہر ہے لیکن غیر متوقع طور پر میری شادی کے موقع پر اس معاملے میں تھوڑی لچک کا مظاہرہ کیا گیا اور میگھن نے اپنا عروسی جوڑا اپنی مرضی سے منتخب کیا۔
واضح رہے کہ شہزادہ ہیری نے میگھن مارکل سے مئی 2018ء میں سینٹ جارج چیپل میں شادی کی تھی۔
Comments are closed.