ہفتہ15؍جمادی الاول 1444ھ10؍دسمبر 2022ء

ملتان ٹیسٹ: پاکستان کی دوسرے دن بیٹنگ جاری

ملتان ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 281 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

بابر اعظم اور سعود شکیل نے پہلی نامکمل اننگز 2 وکٹ 107 رنز سے دوبارہ شروع کی۔

ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کی پہلی وکٹ 35 رنز کے اضافے کے بعد گری جب کپتان بابر اعظم کو 75 رنز پر فاسٹ بولر رابنسن نے بولڈ کیا۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ 158 رنز پر گری جب ٹیسٹ کیریئر کی دوسری نصف سنچری بنانے والے سعود شکیل کو جیک لیچ نے 63 رنز پر آؤٹ کیا۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان کے عبداللّٰہ شفیق 14 اور امام الحق صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔

ملتان میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نہ تیز بیٹنگ کرسکا اور نہ ہی زیادہ رنز بنا سکا، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی انگلش ٹیم اسپنرز کے آگے دوسرا سیشن بھی مکمل نہ کھیل سکی اور پہلی اننگز میں 51.4 اوورز میں 281 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

انگلینڈ کی جانب سے زیک کرولی اور بین ڈیکیٹ نے اننگز کا آغاز کیا اور یہ پارٹنرشپ صرف 9 اوورز ہی قائم رہ سکی تھی۔

پاکستان میں مسٹری اسپنر کے نام سے مشہور ابرار احمد نے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کر کے سب کی توجہ اپنی طرف کرائی۔

انہوں نے زیک کرولی کو 19 رنز پر بولڈ کیا تھا۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد انگلش بیٹرز کی تیز رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کرنے کا انداز اپنایا، اس دوران بین ڈیکیٹ اور اولی پوپ کے درمیان 79 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔

ڈیبیو میچ کھیلنے والے ابرار احمد نے ہی انگلینڈ کی دوسری پارٹنرشپ 117 رنز پر توڑی جب انہوں نے بین ڈیکیٹ کو 63 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔

انگلش ٹیم کی تیسری وکٹ بھی ابرار احمد نے حاصل کی تھی۔

ابرار احمد نے جو روٹ کو 8 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

ڈیبیو کرنے والے بولر نے انگلش بیٹرز کو پریشان کیے رکھا اور اس دوران انہوں نے 164 رنز پر چوتھی وکٹ بھی حاصل کی۔

انگلش بیٹر اولی پوپ کو ابرار احمد نے 60 رنز پر آؤٹ کیا تھا۔

ابرار احمد نے انگلینڈ کے بیٹرز کو اسپن کے جال میں پھنسائے رکھا اور پانچویں وکٹ بھی حاصل کی۔

انہوں نے ہیری بروک کو 9 رنز پر آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان کے مسٹری اسپنر نے کھانے کے وقفے کے بعد بھی انگلش بیٹرز کو پویلین بھیجنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

انگلینڈ کے 228 کے مجموعی اسکور پر ابرار احمد نے کپتان بین اسٹوکس کو 30 رنز پر آؤٹ کیا، یوں انہوں نے لگاتار 6 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی ساتویں وکٹ 231 رنز پر ابرار احمد نے ہی حاصل کی جب انہوں نے ول جیکس کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ انگلینڈ کی تمام وکٹس ابرار احمد ہی حاصل کریں گے تاہم زاہد محمود نے ایسا نہیں ہونے دیا تھا۔

زاہد محمود نے انگلینڈ کے اولی رابنسن، جیک لیچ اور جیمز اینڈرسن کو آؤٹ کیا تھا۔

پہلی اننگز میں ابرار احمد نے مجموعی طور پر 22 اوورز کرا کر 7 انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ زاہد محمود نے 7.4 اوورز میں 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پاکستان کے فہیم اشرف، محمد علی اور محمد نواز پہلی اننگز میں کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.