پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملتان کے لوگ جانتے ہیں یوسف رضا گیلانی کی حیثیت کیا تھی؟ ملک کو معاشی دلدل سے نکالنا ہے تو عمران خان کو ووٹ دینا ہے۔
ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب عمران خان کو دو تہائی اکثریت ملے گی تو تب مدینہ کی ریاست بنے گی، پنجاب کے عوام نے 20 حلقوں میں عمران خان کے بیانیہ پر مہر لگائی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضمنی انتخابات نے ثابت کر دیا کہ پنجاب کے لوگ سیاسی شعور رکھتے ہیں، اعتماد کے باعث لوگوں نے عمران خان کو ریلیف فنڈ کیلئے پیسے دیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سیلاب میں سندھ ڈوب گیا، بلوچستان بری طرح متاثر ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ 40 سال سے حکومت کرتی رہیں، ان حکومتوں نے ڈیم بنائے ہوتے تو آج لوگ کھلے آسمان تلے نہ بیٹھے ہوتے۔
شاہ محمود نے کہا کہ اس حکومت نے جو بجلی کے بل بھیجے عوام ادا کرنے کی طاقت نہیں رکھتے، اس حکومت نے کسانوں کے لیے بجلی، کھاد، ڈیزل مہنگا کر دیا ہے۔
Comments are closed.