بھارتی ای کامرس پلیٹ فارم ’میشو‘ نے اپنے ملازمین کی ذہنی صحت کا خیال رکھتے ہوئے تمام ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ تعطیل دے دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ای کامرس کمپنی گزشتہ دو سال سے سیل پیریڈ کے بعد مسلسل کام سے تھکاوٹ کا شکار ملازمین کو کچھ دن چھٹی دیتی ہے جسے ’ری سیٹ اینڈ ری چارج بریک‘ کا نام دیا گیا ہے۔
ای کامرس پلیٹ فارم نے اپنی ویب سائٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں کسی بھی اسٹارٹ اپ کی جانب سے یہ پہلا موقع ہے کہ ملازمین کی ذہنی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے بیک وقت تمام ملازمین کو جاب سے مکمل طور پر 11 دن (22 اکتوبر سے یکم نومبر تک) کی چھٹی دی جارہی ہے۔
کمپنی کے مالک سنجیو برنوال نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ جاب اور نجی زندگی میں توازن برقرار رکھنے اور ملازمین کی بہتر ذہنی صحت کے لیے کچھ دن کی چھٹی بہت ضروری ہے۔
اس سے قبل ای کامرس پلیٹ فارم نے ملازمین کے لیے دیگر کئی سہولتیں بھی فراہم کی ہوئی ہیں جن میں دنیا میں کہیں سے بھی کام کرنے کی اجازت، کسی بیماری کی صورت میں لاتعداد چھٹیاں، بچے کی پیدائش پر ماں اور باپ دونوں کو 30 ہفتوں تک کی چھٹیاں شامل ہیں۔
Comments are closed.