قومی ایئر لائن پی آئی اے کے طیارے کو ملائیشین حکام نے چند گھنٹوں بعد ریلیز کر دیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ملائیشیا میں گزشتہ روز پی آئی اے کے طیارے کو چند گھنٹوں کے لیے روکا گیا تھا، جس کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق طیارے کو لیز کے مسائل پر کوالالمپور میں غیر ملکی کمپنی نے عدالتی احکامات پر روکا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 894 جیسے ہی کوالالمپور پہنچی، ملائیشین حکام نے طیارے کو روک لیا تھا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق معاملہ سفارتی ذرائع سے حل ہو گیا ہے، جہاز ریلیز ہونے کے بعد گزشتہ رات گئے کوالالمپور سے اسلام آباد پہنچا۔
پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بوئنگ 777 طیارہ پی آئی اے کی ملکیت ہے، انجن لیزنگ کمپنی نے ملائیشیا کی ایک عدالت میں غلط اعداد و شمار جمع کروا کے حکمِ امتناع حاصل کیا تھا۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا ہے کہ پی آئی اے نے کوالالمپور میں وکلاء کے ذریعے عدالت سے رجوع کر لیا ہے اور معاملہ اس وقت زیرِ سماعت ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اس طرح طیارہ رکوانے اور زبردستی پیسے نکلوانے کے معاملات دنیا میں کہیں دیکھنے میں نہیں آئے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لیزنگ کمپنی اور پی آئی اے دونوں ملائیشیا کی مقامی کمپنیاں نہیں ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پی آئی اے نے اس پرواز کے مسافروں کو متبادل طیارے سے پہلے ہی وطن واپس پہنچا دیا تھا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کُل واجب الادا رقم 1.8 ملین ڈالر تھی جو ادا کی جا چکی تھی۔
Comments are closed.