گزشتہ روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
حاجی قدرت اللّٰہ کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے مدعی کے مطابق 8 بج کر 22 منٹ پر مولانا میرے گھر سے پارلیمنٹ لاجز کے لیے نکلے، رات 10 بجے میرے باورچی کو سرکاری ڈرائیور نے حادثے سے آگاہ کیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق مفتی عبدالشکور اپنی سرکاری گاڑی خود چلا کر لے جا رہے تھے، ڈبل کیبن گاڑی نے غفلت، لاپرواہی اور تیز رفتاری سے عبدالشکور کی گاڑی کو ہٹ کیا۔
متن میں یہ بھی لکھا ہے کہ مفتی عبدالشکور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مفتی عبدالشکور اسلام آباد میں میریٹ سے سیکریٹریٹ چوک کی طرف جا رہے تھے کہ شاہراہِ دستور پر ایک گاڑی نے ان کی گاڑی کو ٹکر مار دی تھی۔
حادثے کے بعد مولانا عبدالشکور کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے تھے۔
Comments are closed.