اسلام آباد میں گزشتہ روز ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور کو آبائی علاقے تاجبی خیل کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
مفتی عبدالشکور کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں ارکان قومی اسبملی محسن داوڑ، مولانا محمد انور، محمد خان شیرانی شریک ہوئے۔
نمازِ جنازہ میں کمشنر بنوں ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لکی مروت، جے یو آئی کارکنان اور بڑی تعداد میں شہریوں نے بھی شرکت کی۔
آج صبح مفتی عبدالشکور کی میت کو اسلام آباد سے لکی مروت پہنچایا گیا تھا۔
علاقے میں پولیس کی جانب سے سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا تھا، جنازہ گاہ اور راستوں میں پولیس نفری تعینات کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مفتی عبدالشکور اسلام آباد میں میریٹ سے سیکریٹریٹ چوک کی طرف جا رہے تھے کہ شاہراہِ دستور پر ایک گاڑی نے ان کی گاڑی کو ٹکر مار دی تھی۔
حادثے کے بعد مولانا عبدالشکور کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے تھے۔
گزشتہ روز ہی مفتی عبدالشکور کی نمازِ جنازہ جامعہ دارالسلام سیکٹر جی 6 میں سربراہ پی ڈی ایم و جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمٰن نے پڑھائی تھی۔
Comments are closed.