این اے 249 پر نون لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل کی نااہلی سےمتعلق درخواست پر ٹربیونل نے الیکشن کمیشن، مفتاح اسماعیل و دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے اور فریقین سے کل تک جواب طلب کرلیا۔
وکیل درخواست گزار کا کیس میں کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل نے اثاثوں میں کہا کہ ان کے پاس کوئی گاڑی نہیں، جبکہ یہ مہنگی مہنگی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں۔
درخواست گزار وکیل حسنین چوہان نے عدالت میں بتایا کہ مفتاح اسماعیل کے خلاف نیب ریفرنس چل رہا ہے، ٹربیونل نے استفسار کیا کہ ریفرنس میں سزا ہوچکی ؟ اس پر درخواست گزار حسنین چوہان نے بتایا کہ سزا نہیں ہوئی ابھی تک ریفرنس زیر سماعت ہے۔
ٹربیونل نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ بھی اس ہی علاقے کے رہائشی ہیں؟ جس کے جواب میں حسنین چوہان نے بتایا کہ میں بھی اس ہی علاقے کا رہائشی ہوں اور این اے 249 سے الیکشن میں امیدوار بھی ہوں۔
درخواست گزار کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ مفتاح اسماعیل نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے ہیں، انہوں نے کاغذات میں قیمتی گاڑیوں کا ذکر نہیں کیا، ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی غیر قانونی طور پر منظور کئے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ مفتاح اسماعیل آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے، لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ مفتاح اسماعیل کے خلاف درخواست تحریک انصاف لائرز فورم کے حسنین چوہان ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے۔
Comments are closed.