مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کو وفاقی وزیر خزانہ بنا دیا گیا ہے۔
مفتاح اسماعیل کو آرٹیکل 91 کی ذیلی شق 9 کے تحت وفاقی وزیر بنایا گیا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے نئی وفاقی کابینہ کے ہمراہ حلف اٹھایا۔
قائم مقام صدر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کابینہ کے ارکان سے ایوانِ صدر اسلام آباد میں حلف لیا۔
ملک چلانے کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ٹیم سامنے آ گئی، ن لیگ اور اتحادیوں پر مشتمل 34 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا ہے۔
حلف اٹھانے والوں میں ن لیگ کے 14، پیپلز پارٹی کے 9، جے یو آئی کے 4، ایم کیو ایم کے 2 ارکان کے علاوہ ق لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے ارکان بھی شامل ہیں۔
وفاقی وزراء میں خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثناء اللّٰہ، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، مریم اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ، جاوید لطیف، نوید قمر، خورشید شاہ، شیری رحمٰن، شازیہ مری، عبدالقادر پٹیل، مولانا اسعد محمود، طلحہٰ محمود، فیصل سبزواری، امین الحق، محمد اسرار ترین، عابد حسین، عبدالواسع، مفتی عبدالشکور، مرتضیٰ محمود، ساجد حسین طوری، احسان الرحمٰن مزاری، مرتضیٰ جاوید عباسی، ریاض حسین پیر زادہ شامل ہیں۔
قمر زمان کائرہ، عون چوہدری اور انجینئر امیر مقام نے مشیر، حنا ربانی کھر، عائشہ غوث پاشا اور عبد الرحمٰن کانجو نے وزرائے مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی حلف اٹھانے والی ابتدائی کابینہ کا حصہ نہیں ہیں۔
Comments are closed.