سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وزیراعظم شہباز شریف کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے پنشن اور تنخواہوں میں اضافے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔
اپنے بیان میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے پہلی اپریل سے سول اور ملٹری ملازمین کی پنشن میں دس فیصد اضافے کے اقدام سے بزرگ پنشنرز کو ریلیف ملے گا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کم از کم اجرت 25 ہزار کرنے کے اقدام سے عوام کو پی ٹی آئی دور کی سخت مہنگائی کا سامنا کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے سرمایہ داروں سے ایک لا کھ سے کم تنخواہ دار ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی اپیل بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ نو منتخب وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے فوری طور پر قوم کو ریلیف دیتے ہوئے کم سے کم اجرت کو 25 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے گزشتہ سال بجٹ میں کم سے کم ماہانہ اجرت 20 ہزار روپے مقرر کی تھی۔
شہباز شریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں کہا کہ وہ گزشتہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی مہنگائی کا زور کسی حد تک کم کرنے کے لیے عوام کو فوری ریلیف دے رہے ہیں۔
شہباز شریف نے ایک لاکھ روپے ماہانہ کمانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے اور پینشنرز کے لیے بھی 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم نے رمضان پیکج کے تحت عوام کو سستا آٹا بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
Comments are closed.