پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل صرف جھوٹ بولتے ہیں، یہ میڈیا کو دکھاتے کچھ ہیں اور حقیقت کچھ اور ہوتی ہے۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب میں عمرایوب نے کہا کہ جب حکومت پی ٹی آئی نے سنبھالی تو صرف 100 ہفتوں کے ریزرو باقی رہ گئے تھے، گلے میں ہڈی ایسی پھنسی تھی کہ نگل سکتے تھے نہ نکال سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت سے معیشت کی کشتی چل نہیں رہی، مفتاح اسماعیل صرف جھوٹ بولتے ہیں، یہ میڈیا کو کچھ دکھاتے ہیں اور حقیقت کچھ اور ہوتی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ سابقہ ادوار میں مہنگے اور غلط منصوبے لگائے گئے، عمران خان کے دور میں بہت سے ڈیمز کی تعمیر شروع کی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایسی حکومت کو لایا گیا جس کا خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے، شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کو پیٹرولیم پروڈکٹ ڈکلیئر کیا۔
عمر ایوب نے یہ بھی کہا کہ بطور وزیراعظم عمران خان نے سستے تیل کی ڈیل روس سے کی، ملکی معیشت کو دوبارہ ٹھیک کرنے کے لیے بہت محنت درکار ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نااہل لوگوں نے چھلانگ لگائی، لیکن ہیلی کاپٹر سے چھلانگ کے بعد پیرا شوٹ کھولنا بھول گئے۔
Comments are closed.