جمعہ13؍جمادی الثانی 1444ھ6؍جنوری 2023ء

مغربی اور بالائی علاقوں میں بارش، برفباری کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے ویک اینڈ کے دوران مغربی اور بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا الرٹ جاری کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں 6 جنوری کو شمالی بلوچستان میں داخل ہوں گی، مغربی ہوائیں ویک اینڈ کے دوران بالائی علاقوں پر اثر انداز ہوں گی۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 7 اور 8 جنوری کو کوئٹہ، ژوب، بارکھان سمیت زیارت، نوکنڈی، دالبندین، ہرنائی اور قلعہ سیف اللّٰہ میں بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ قلعہ عبداللّٰہ، چمن اور پشین میں بھی ہلکی یا درمیانی بارش کی توقع ہے جبکہ 7 تا 9 جنوری مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان میں درمیانی بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، سوات، مالاکنڈ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں درمیانی بارش ہوگی، ویک اینڈ کے دوران اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، چارسدہ، باجوڑ، کرم، وزیرستان اور کوہاٹ میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بارانی علاقوں میں بارش کھڑی فصلوں کے لیے فائدہ مند ہوگی، جبکہ بارش کے دنوں میں دھند کی شدت کم ہو جائے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش سے دن میں درجہ حرات 5 سے7 سینٹی گریڈ کم ہوجائے گا، پہاڑی علاقوں میں برفباری سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل پڑسکتا ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے آمد و رفت میں رکاوٹ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارش اور برفباری کے دوران متعلقہ محکمے محتاط رہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.