وفاقی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات تیسری دفعہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا، معیشت ہمیں کھنڈرات کی حالت میں ملی۔
اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ آصف ، قمر زمان کائرہ اوردیگر پریس کانفرنس کررہے ہیں۔
اس موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ایسی مشکلات پیدا کردیں، ہمارے لیے مشکل تھا کہ الیکشن کرائیں یا معیشت کو بچائیں۔
انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کی شرائط پی ٹی آئی حکومت نے طے کیں، ان شرائط کو پورا کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان اپنے دور حکومت کی کوئی بات نہیں کرتے، وہ سازش کے بیانیے میں آئی ایس پی آر کے بیان کے بعد بھی دفاعی اداروں کو ملوث کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ چار سال کی برائی قدم قدم پر ہمارے سامنے رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یوکرین کی جنگ کے باعث اناج، تیل، گندم کی قیمتیں اوپر گئیں، جنگ کے باعث 30 فیصد چیزیں دنیا سے غائب ہوگئیں، کم وسائل رکھنے والے ممالک کو فرق پڑرہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں بھی مارکیٹیں رات کو 1 بجے تک کھلی نہیں رہتی ہیں، مارکیٹیں جلدی بند ہوجائیں تو بجلی کی بچت کے باعث تیل کی بچت ہوسکتی ہے، ہمارے تاجر ابھی اس تجویز کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا تھا کہ قومی سطح پر کسی نے بجلی، تیل اور پانی کی کفایت شعاری کی کوشش نہیں کی، حکومت عوام کو معاشی تحفظ دینے کیلئے پوری کوشش کرے گی، کفایت شعاری وقت کی ضرورت ہے اب یہ ہمارے کلچر کا حصہ بن جانی چاہیے۔
Comments are closed.