منگل23؍ذیقعد 1444ھ13؍جون2023ء

مصری بھکارن کے پاس لاکھوں پاؤنڈ، موت کے بعد انکشاف

جنوبی مصر میں ایک بھکاری عورت کی موت کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ وہ بہت بڑی دولت کی مالک تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق علی عبدالجلیل نامی بھکارن کے پاس 10 لاکھ پاؤنڈز تھے اور وہ قنا گورنری میں گلیوں اور بازاروں میں لوگوں سے بھیک مانگ کر گزر بسر کرتی تھی۔

رپورٹس کے مطابق چند روز قبل یہ عورت اپنے گھر کے اندر مردہ پائی گئی اور اس کے بہن بھائیوں کے بھی بہت غریب ہونے کی وجہ سے علاقے کے رہائشیوں نے تدفین کے اخراجات ادا کیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مرنے کے 10 دن بعد جب عورت کے گھر کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے تقریباً 10 لاکھ پاؤنڈ برآمد ہوئے جو گھر کے صحن میں ایک تھیلے میں چھپائے گئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق تھیلے میں زیادہ تر دھاتی سکے اور کچھ نوٹ تھے جس کے بعد لوگوں نے رقم کو عورت کے 5 بہن بھائیوں میں تقسیم کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے بھکاری عورت کے پاس اتنی بڑی رقم ہونے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

لوگوں نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس مرنے والی عورت اپنی زندگی میں اس رقم سے اپنے لیے آسانیاں پیدا نہ کر سکی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.