منگل12؍ربیع الثانی 1444ھ 8؍نومبر2022ء

مشہور امریکی کمپنی کے آفیسر نشے کی حالت میں غلط گھر میں گھس کر سو گئے

مشہور اور بڑی امریکی کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر جان آر ٹائسن نشے کی حالت میں غلط گھر میں گھس کر سو گئے جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق گوشت کا کاروبار کرنے والی ایک بڑی امریکی کمپنی کے سی ایف او کو نشے کی حالت میں مبینہ طور پر غلط گھر میں گھس جانے اور وہاں سوجانے پر گرفتار کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست آرکنساس میں ایک خاتون نے اپنے گھر پہنچ کر اجنبی شخص کو بستر پر سوتے ہوئے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق خاتون کی اطلاع پر پولیس نے گھر پہنچ کر 32 سالہ ٹائسن کو جگانے کی کوشش کی تاہم وہ کچھ بول نہیں پا رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس دوران وہ زیادہ نیند میں ہونے کے باعث صحیح طریقے سے کھڑے بھی نہیں ہو پارہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر کے جسم اور کپڑوں سے شراب کی بدبو بھی آرہی تھی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جان ٹائسن یکم دسمبر کو عدالت میں پیش ہوں گے، انہیں 415 ڈالرز کے ضمانتی بونڈز کے عوض رہا کیا گیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق کمپنی نے واقعے کو ذاتی معاملہ کہہ کر اس پر ردّعمل دینے سے انکار کردیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.