سمرقند: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے اتنی تباہی کبھی نہیں آئی، جتنی پاکستان میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں آئی ہے۔ اس مشکل وقت میں دنیا کو پاکستان کی مدد کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔
ازبکستان کے شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام ممالک کے ساتھ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ سیلاب سے 400 بچوں سمیت 1400 سے زائد اموات ہوئیں اور بڑے پیمانے پر انفرا اسٹرکچر اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں دنیا کو ہماری مدد کے لیے آگے آنا ہو گا۔
تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں امن ہو گا تو اس کے خطے پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ افغانستان کو نظر انداز کرنا بہت بڑی غلطی ہو گی۔ عالمی برادری افغانستان میں اقتصادی اور معاشی استحکام کے لیے کام کرے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ممالک کو مل کر کاوش کرنا ہوگی۔ افغان حکومت بھی عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرے۔
Comments are closed.