پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات میں ڈوبا ملک پہلی بار ہمیں نہیں ملا۔
مریم نواز کی زیرصدارت گوجرانوالہ میں پارلیمینٹرینز اور تنظیمی عہدیداروں کا اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس میں رانا ثناء اللّٰہ، خواجہ آصف، خرم دستگیر، عطا تارڑ سمیت ڈویژن کے تمام اضلاع سے اراکین اسمبلی اور تنظیمی عہدیدار شریک ہوئے۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ ملک مسائل میں جب ڈوب جاتا ہے، تب ہی نواز شریف اور شہباز شریف کو آنا پڑتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ آپ کی شناخت اور جماعت کو مٹانے والے اللّٰہ کے کرم سے خود مٹ گئے، ہماری قیادت ایمان دار، نیک نام اور عوام کی کارکردگی کے امتحان میں سرخرو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ الزام لگانے والے آج منہ چھپاتے پھرتے ہیں، پتلی تماشا کرنے والے گھروں میں قید ہو چکے ہیں، آج مشکل ضرور لیکن اللّٰہ کی مدد سے لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کی طرح معاشی اندھیرے بھی ختم ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا ہے کہ سازشیوں کی سازش ہے کہ معیشت نہ سنبھلے، ہمیشہ کی طرح شیر ہی قوم کو مسائل اور انہیں پیدا کرنے والے گیدڑوں سے نجات دلائے گا۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ الیکشن ہو یا فسطائیت کا مقابلہ گوجرانوالہ سب سے آگے ہے، ٹیم گوجرانوالہ نے پارٹی کے دیگر ڈویژنز کو چیلنج دیا ہے، امید اور یقین ہے پارٹی کے تمام ڈویژنز اس چیلنج کو قبول کریں گے، تنظیمی کنونشن پارٹی کو مزید بہتر، مضبوط اور فعال بنانے کا ذریعہ ثابت ہوئے ہیں۔
Comments are closed.