قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے انگلینڈ کے جارح مزاج بیٹر جوز بٹلر کا یاد رکھنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
ایک پیغام میں لیگ اسپنر مشتاق احمد نے کہا کہ میں مشکور ہوں کہ جوز بٹلر نے ایک انٹرویو میں میرا نام لیا، 6 برس میں نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ کوچنگ کی تھی، بٹلر نے اب تک یاد رکھا ہوا ہے، جس پر ان کا مشکور ہوں۔
جوز بٹلر نے حال ہی میں انڈین پریمئیر لیگ میں دھوان دھار اننگز کھیلنے کے بعد ایک انٹرویو میں مشتاق احمد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ آف اسٹمپ پر چھکا مارنے کو ترجیح دینے کا انہوں نے کہا تھا۔
انہوں نے کا کہا کہ آف سائیڈ پر چھکا مارنے کے حوالے سے مشاتق احمد نے میری مدد کی تھی ۔
مشتاق احمد نے کہا کہ ہم نے جوز بٹلر کے ساتھ ٹیکنیکل کام کیا تھا ، آگے کھلاڑی کی ہی محنت ہو تی ہے۔
قومی ٹیم کے سابق لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ میں نے ابھی جوز بٹلر سے بات کی ہے اور ان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مجھے یاد رکھا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بہت خوشی ہوتی ہے کہ جب آپ کسی کے ساتھ کام کرتے ہیں اور پھر وہ آپ کے کام کو مانے اور تعریف کرے، یہ ان کا اچھا پن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوچ تو صرف بتا سکتا ہے، محنت کھلاڑی کو کرنی پڑتی ہے، ہم پاکستان میں رہتے ہو ئے بھی نوجوان کھلاڑیوں سے اپنا علم اور تجربہ شیئر کرتے ہیں، خوشی ہے کہ جوز بٹلر فارم میں ہیں اور مسلسل رنز کر رہے ہیں۔
Comments are closed.