وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سندھ مشاورتی کمیٹی اور ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
سندھ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے عمران خان کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں، جو پی ٹی آئی والا دھوکہ دے گا اسے دیکھ لیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں، کچھ نہیں ہوگا، یہ سازش بھی بے نقاب ہوجائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے دیکھ کر آپ لوگوں کو لگ رہا ہے کہ میں گھبرایا ہوا ہوں؟ عدم اعتماد میں اِن چوروں کا ساتھ ان کے اپنے لوگ بھی نہیں دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایک بار یہ سب ختم ہو جائے، اِن سب کو دیکھ لوں گا۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے کراچی آمد پر ایم کیو ایم پاکستان کے بہادر آباد میں قائم عارضی مرکز میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کے بعد اتحادیوں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے عمران خان متحرک ہو گئے ہیں، اسی سلسلے میں وہ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کرنے پہنچے تھے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر علی زیدی، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر بھی وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر ایم کیو ایم کے بہادر آباد میں واقع عارضی مرکز میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے وزیرِ اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور دیگر رہنماؤں نے گفتگو کی، جس کے بعد وزیر اعظم گورنر ہاؤس روانہ ہوگئے تھے۔
Comments are closed.