پاکستان مسلم لیگ یورپ کے چیف آرگنائزر سید خرم رضا کاظمی نے پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے اور دہشتگردوں سے سختی سے نمٹنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
جنگ سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سابق رجیم کی غلط پالیسیوں کے باعث پاکستان میں دہشت گردوں نے دوبارہ سر اٹھانا شروع کردیا ہے جس کا قلع قمع ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں سے بھی استدعا ہے کہ وہ دشمن کا آلہ کار بننے کی بجائے وطن عزیز کے خلاف جھوٹا، من گھڑت پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کی ہر پلیٹ فارم پر بھرپور مذمت کریں۔
سید خرم رضا کا ظمی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی فوج اور سپہ سالار جنرل عاصم منیر پر فخر اور ناز ہے۔ ان کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے والے عناصر وطن عزیز اور فوج دونوں کے حوصلے پست کرنے کے خواہشمند ہیں مگر اوورسیز پاکستانی قومی پرچم کے سائے تلے متحد و منظم ہیں اور ایسی حرکات کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اخلاقی دائرے میں رہ کر مثبت تنقید کرنا ہر پاکستانی کا حق ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز ہر مشکل اور کٹھن حالات میں پاک آرمی اور قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
Comments are closed.