ہفتہ25؍ربیع الاول 1444ھ22؍اکتوبر 2022ء

مسلم لیگ (ن) فرانس کی فیٹف گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے پر مبارکباد

پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کی گرے فہرست سے پاکستان کا نام خارج ہونے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

الیکشن کمشن آف پاکستان (ای سی پی) کی طرف سے سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کے فیصلے اور فیٹف کی طرف سے پاکستان کو گرے لسٹ سے ہٹانے کی خوشی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے سرپرستِ اعلیٰ طلعت چوہان نے اجلاس طلب کیا۔ 

اس اجلاس کے دوران ن لیگ فرانس کے صدر میاں محمد حنیف نے شرکاء پر زور دیا کہ پارٹی کو مزید فعال بنانے کے لیے مل بیٹھیں اور آگے بڑھیں۔

سرپرست اعلیٰ طلعت محمود چوہان نے سابق وزیر اعظم عمران کے قول و فعل اور کردار پر تنقید کی۔ 

سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) فرانس سردار ظہور اقبال نے کہا کہ فیٹف سے نکلنے کا کریڈٹ وزیراعظم میاں شہباز شریف اور موجودہ حکومت کو جاتا ہے۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی نااہلی پر غور کرنا چاہیے اور سیاسی رہنماؤں کو اس کی روشنی میں اپنے کردار کا ازسر نو جائزہ لے کر آگے بڑھنا ہوگا۔

چیئرمین راجہ علی اصغر کا کہنا تھا کہ آج اس سلیکٹڈ کو لانے والوں کے چہروں کو دیکھنے کی ضرورت ہے جو اس قسم کے کردار کو ملک قوم پر مسلط کر کے ترقی کی راہ پر گامزن ملک کو بحران اور مشکلات میں ڈال دیا۔

سینئر رہنما چوہدری نعیم نے بھی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ دیکھیں چور کون ہے؟

نائب صدر راجہ نثار نے فیٹف سے پاکستان کے نکلنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

اپنے خطاب کے دوران چوہدری غلام حسین نے پارٹی کو فعال بنانے پر زور دیا۔

اس موقع پر فنانس سیکریٹری چوہدری فیصل سعید کا کہنا تھا کہ ہمیں پارٹی فنڈ پر بھی توجہ دینی چاہیے تاکہ 25 دسمبر کو قائداعظم محمد علی جناح اور پارٹی قائد محمد نواز شریف کی سالگرہ کے پروگرام کو خوبصورت طریقے سے منایا جائے اور اتفاق  سے فیصلے کیے جائیں۔

بعدازاں اجلاس کے دوران ملک و قوم اور ن لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف کی صحت اور درازی عمر کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.